خیبر پختونخوا میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم شروع، 29 لاکھ بچیوں کو مفت ویکسین لگانے کا ہدف

خیبر پختونخوا میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم شروع، 29 لاکھ بچیوں کو مفت ویکسین لگانے کا ہدف

پشاور: خیبر پختونخوا میں بچیوں کو سروائیکل کینسر (رحم کے منہ کے کینسر) سے محفوظ رکھنے کے لیے صوبہ گیر ویکسینیشن مہم آج 11 نومبر سے شروع ہوگئی ہے۔ مہم کے دوران صوبے بھر میں 9 سے 14 سال کی عمر کی تقریباً 29 لاکھ بچیوں کو مفت ویکسین لگائی جائے گی۔ یہ مہم 24 نومبر تک جاری رہے گی۔

محکمہ صحت کے مطابق ویکسینیشن پروگرام کا دائرہ سرکاری و نجی اسکولوں اور مدارس تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ اسکول نہ جانے والی بچیوں کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیوں کو اس حفاظتی سہولت تک رسائی دی جا سکے۔

مہم کے مجموعی ہدف میں تقریباً 16 لاکھ اسکول جانے والی جبکہ 13 لاکھ اسکولوں سے باہر بچیاں شامل ہیں۔ صرف ضلع پشاور میں 3 لاکھ 74 ہزار بچیوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں خصوصی ویکسینیشن سیشنز منعقد کیے جائیں گے، جبکہ اسکول نہ جانے والی بچیوں تک پہنچنے کے لیے مختلف علاقوں اور دیہات میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ دور دراز علاقوں میں موبائل ویکسینیشن ٹیمیں بھی خدمات انجام دیں گی۔

اس کے علاوہ سرکاری مراکز صحت پر بھی بچیوں کو ویکسین لگانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ صوبائی سطح پر اس مہم کا مقصد بچیوں کو مستقبل میں سروائیکل کینسر کے خطرے سے بچانے کے لیے حفاظتی ویکسین کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

More News