اسلام آباد سیف سٹی اتھارٹی کے اثاثوں کو نقصان پہنچانا قابلِ سزا جرم قرار، کم از کم 2 سال قید کی سزا مقرر
وفاقی دارالحکومت میں سیف سٹی اتھارٹی کے اثاثوں، نگرانی کے نظام اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچانا قابلِ سزا جرم قرار دے دیا گیا ہے۔ کیپیٹل سیف سٹی اتھارٹی آرڈیننس 2026 کے تحت قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کم از کم 2 سال قید، 2 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔
نئے آرڈیننس کے مطابق کوئی بھی شخص قانونی اجازت کے بغیر اتھارٹی کی ملکیت، زیرِ انتظام یا کنٹرول میں موجود اثاثوں، آلات، سی سی ٹی وی کیمروں، مواصلاتی نیٹ ورک، فائبر آپٹک کیبلز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔ ان تنصیبات کو تباہ کرنے، ہٹانے، ان میں ردوبدل کرنے، مداخلت کرنے یا ان کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کو بھی جرم قرار دیا گیا ہے۔
آرڈیننس کے تحت سیف سٹی اتھارٹی کو سرکاری اور نجی سی سی ٹی وی کیمروں اور فائبر آپٹک نیٹ ورکس کا معائنہ کرنے اور انہیں اپنے نگرانی کے نظام سے منسلک کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل نگرانی کو مؤثر بنانا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ تاہم اتھارٹی کو اس اختیار کے استعمال کے لیے سکیورٹی وجوہات تحریری طور پر ریکارڈ کرنا ہوں گی۔
قانون میں شہریوں کی نجی زندگی کے تحفظ کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔ آرڈیننس کے مطابق نجی رہائش گاہوں یا ایسی جگہوں پر، جو عوام کے لیے کھلی نہیں ہیں، اتھارٹی یہ اختیار استعمال نہیں کرسکے گی، البتہ قانون میں دی گئی اجازت کی صورت میں استثنا حاصل ہوگا۔
نئے قانون کے تحت اتھارٹی کے اہم بنیادی ڈھانچے، معلوماتی نظام یا ڈیٹا تک غیر قانونی رسائی، مداخلت یا نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ایسے جرائم کو پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی دفعات 3 سے 8 کے تحت نمٹایا جائے گا۔
آرڈیننس میں محفوظ اور ریکارڈ شدہ ڈیٹا کو قانونِ شہادت 1984 کے آرٹیکل 164 کے تحت عدالت میں بطور ثبوت پیش کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ اتھارٹی کے ملازمین کو متعلقہ قانونی دفعات کے تحت ماہرین کا درجہ حاصل ہوگا۔
مزید برآں، اتھارٹی کی ہدایات پر عمل نہ کرنے، کیمروں اور حفاظتی تقاضوں کی تعمیل سے انکار کرنے یا معائنے اور نظام سے منسلک کرنے کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے نجی اور تجارتی اداروں کو 15 روز کے اندر تعمیل کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔
آرڈیننس کے تحت اتھارٹی کے چیئرمین، وائس چیئرمین، منیجنگ ڈائریکٹر، افسران، ملازمین اور مشیروں کو نیک نیتی سے کیے گئے اقدامات پر قانونی تحفظ بھی فراہم کیا گیا ہے۔ قانون کے نفاذ کے لیے حکومت قواعد اور اتھارٹی ان کے تابع رہتے ہوئے ضوابط مرتب کرسکے گی۔







