خیبرپختونخوا میں سکولوں سے باہر بچوں کا سروے مفت ہوگا، 5 ارب روپے کا منصوبہ تبدیل
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں سکولوں سے باہر بچوں کی اصل تعداد معلوم کرنے کے لیے نیا سروے مفت کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس مقصد کے لیے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور ادارہ شماریات کے اشتراک سے سروے کیا جائے گا، جس کے حوالے سے دونوں اداروں کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور آئندہ چند روز میں معاملات مکمل ہونے کا امکان ہے۔
اس فیصلے کے بعد سابقہ منصوبے کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی ہے، جس کے تحت گھر گھر سروے پر تقریباً 5 ارب روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ سابقہ منصوبے کی منظوری پی ٹی آئی دور حکومت میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے دی تھی، جس میں محکمہ بلدیات، سماجی بہبود اور صحت کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ تاہم اب اس منصوبے کے شراکت دار اداروں اور طریقہ کار کو تبدیل کرتے ہوئے سروے مفت مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گورنر کے مشیر برائے تعلیم عامر عبداللہ نے بتایا ہے کہ سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد معلوم کرنے کے لیے نادرا اور ادارہ شماریات کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے اور معاملات تقریباً حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں اداروں کے تعاون سے صوبے بھر میں سروے کیا جائے گا، جس کے ذریعے تعلیمی اداروں سے باہر بچوں کے مستند اعداد و شمار حاصل کیے جاسکیں گے۔
عامر عبداللہ کا کہنا تھا کہ درست اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد حکومت کے لیے یہ جاننا ممکن ہوگا کہ صوبے میں کتنے بچے سکولوں سے باہر ہیں اور انہیں دوبارہ تعلیمی نظام کا حصہ بنانے کے لیے کن اقدامات کی ضرورت ہے۔ سروے کے نتائج کی روشنی میں بچوں کی تعداد اور متعلقہ علاقوں کی ضروریات کے مطابق تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور مستقبل کے منصوبے ترتیب دیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین اہم اداروں کے اشتراک سے سروے کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ اس کے ذریعے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک بھر میں سکولوں سے باہر بچوں کے اعداد و شمار جمع کرنے کے لیے ایک مربوط نظام تشکیل دینے کی راہ بھی ہموار ہوسکتی ہے۔
تعلیمی ماہرین اور پالیسی سازوں کے لیے ایسے مستند اعداد و شمار اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ ان کی بنیاد پر تعلیمی بجٹ، سکولوں کی ضروریات، اساتذہ کی دستیابی اور داخلہ مہمات کی بہتر منصوبہ بندی کی جاسکتی ہے۔
حکومت کے مطابق سروے کے نتائج مستقبل کی تعلیمی پالیسی اور عملی اقدامات کی بنیاد بنیں گے، جبکہ بنیادی مقصد سکولوں سے باہر بچوں کی نشاندہی کرکے انہیں تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔








