باڑہ شیخان میں پولیس کی بڑی کارروائی، انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر سیف اللہ ہلاک

باڑہ شیخان میں پولیس کی بڑی کارروائی، انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر سیف اللہ ہلاک

خیبرپختونخوا پولیس نے باڑہ شیخان کے علاقے میں کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سیف اللہ کو ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد سنگین مقدمات میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو مطلوب اشتہاری تھا۔

ترجمان خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق سیف اللہ کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا اور وہ گزشتہ تین سال سے گرفتاری کے خوف سے افغانستان میں مقیم تھا۔ حال ہی میں وہ دہشت گردوں کی ایک تشکیل کا کمانڈر مقرر ہو کر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے واپس آیا تھا۔

سی ٹی ڈی ریکارڈ کے مطابق ہلاک دہشت گرد میدانک کے علاقے میں متعدد سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر براہ راست حملوں اور جمرود کے علاقے علی مسجد میں آئی ای ڈی دھماکوں میں بھی ملوث تھا۔

پولیس کارروائی کے دوران دہشت گرد کی جانب سے گرینیڈ حملے میں دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر پولیس جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کو ہلاک کرکے سیکڑوں معصوم جانیں بچانے والے پولیس اہلکار قوم کا اثاثہ ہیں۔

آئی جی پولیس کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور پاکستان کی سرزمین کو آخری دہشت گرد سے پاک کرنے تک آپریشنز اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

More News