پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہائی کمشنر ٹیپو عثمان

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہائی کمشنر ٹیپو عثمان

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سالانہ تجارتی حجم 6 ارب پاؤنڈ تک پہنچ چکا ہے۔

بریڈفورڈ میں ویسٹ یارکشائر پاکستان ٹریڈ، انویسٹمنٹ اینڈ انوویشن سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ فن ٹیک، ٹیکسٹائل، ماحول دوست پیداوار اور حلال خوراک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

ٹیپو عثمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری برطانوی اداروں کے اشتراک سے جدید دھاگے، ریشے اور نئی مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دونوں ممالک کی کمپنیوں کو مشترکہ پیداواری منصوبوں کے ذریعے تجارتی تعلقات مضبوط بنانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ یارکشائر میں تقریباً ڈھائی لاکھ پاکستانی نژاد افراد آباد ہیں، جو مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی روابط کو فروغ دینے میں مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ہائی کمشنر نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجودہ تجارتی شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں ممالک کی معیشتوں کو مضبوط بنایا جائے گا۔

More News