پشاور ہائیکورٹ کا 12 سالہ لاپتا بچے عمان کی بحفاظت بازیابی کے لیے پولیس کو مزید متحرک ہونے کا حکم
پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے فقیر آباد سے لاپتا ہونے والے 12 سالہ بچے عمان کی بازیابی سے متعلق درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس میں پولیس کو بچے کی جلد اور بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالت نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو حکم دیا ہے کہ مغوی بچے کی بازیابی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں اور آئندہ سماعت پر بچے کو بحفاظت عدالت میں پیش کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
کیس کی سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کو بھی ہدایت کی کہ بچے کی بازیابی کے لیے کی جانے والی کوششوں سے متعلق جامع رپورٹ پیش کریں۔
تحریری حکم نامے میں بچے کی جلد بازیابی پر زور دیتے ہوئے متعلقہ پولیس حکام کو اپنی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پشاور ہائیکورٹ نے 12 سالہ عمان کی بازیابی سے متعلق کیس کی مزید سماعت 7 دسمبر 2026 تک ملتوی کردی ہے۔








