آئی جی خیبرپختونخوا کی کوہاٹ مقابلے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت، بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کا دورہ کیا اور کوہاٹ میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔
اس موقع پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ آئی جی پی نے ہسپتال میں زیر علاج تمام زخمی پولیس اہلکاروں کے پاس جا کر ان کی خیریت دریافت کی اور گزشتہ روز پیش آنے والے مقابلے سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
دورے کے دوران آئی جی خیبرپختونخوا نے ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں سے زخمی اہلکاروں کی حالت، زخموں کی نوعیت اور جاری علاج معالجے کے حوالے سے بریفنگ لی۔
ذوالفقار حمید نے ہسپتال انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کے علاج میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور انہیں جدید طبی سہولیات سمیت بہترین علاج کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔
آئی جی پی کا کہنا تھا کہ ان بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور صوبے کے عوام کے تحفظ کے لیے قربانیاں دیں۔ ایسے جانباز اہلکار پوری پولیس فورس اور قوم کا فخر ہیں، ان کی دیکھ بھال اور علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔








