اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ، 31 دسمبر تک تمام کاروباری مراکز ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کا ہدف

اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ، 31 دسمبر تک تمام کاروباری مراکز ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کا ہدف

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت ریڑھی بانوں سے لے کر بڑے کاروباری مراکز تک تمام سطحوں پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس حوالے سے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں نے منصوبے کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ کیش لیس اسلام آباد منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز اہم ہیں۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایات پر منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگی قبول نہیں کی جائے گی، جبکہ 31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام مرچنٹس کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

طلال چوہدری کے مطابق اسلام آباد میں پہلے ہی 26 ہزار مرچنٹس ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک ہوچکے ہیں۔ نئے منصوبے کے تحت چھوٹے دکانداروں اور ریڑھی بانوں سے لے کر بڑے کاروباری مراکز تک ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کیش لیس نظام سے مالیاتی شفافیت، ٹیکس مانیٹرنگ اور لین دین کے نظام میں بہتری آئے گی۔

More News