پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت میں اضافہ، 77 فیصد شہری حامی قرار
لاہور: پاکستان میں بہتر طرز حکمرانی، تیز رفتار ترقی اور عوام کو سرکاری خدمات کی فراہمی مؤثر بنانے کے لیے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت میں نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔ ایک تازہ سروے کے مطابق 77 فیصد پاکستانی شہری اضافی صوبوں کے قیام کے حامی ہیں۔
میریڈین اینالیٹکس کی جانب سے کیے گئے میریڈین نیشنل بیرومیٹر 2026 سروے میں ملک بھر کے 5 ہزار شہریوں کی رائے حاصل کی گئی۔ سروے کے نتائج کے مطابق نومبر 2022 کے مقابلے میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت میں 23 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت 54 فیصد تھی، جو 2024 میں بڑھ کر 66 فیصد ہوگئی، جبکہ تازہ ترین سروے میں یہ شرح 77 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
سروے کے مطابق شہریوں کی بڑی تعداد کا خیال ہے کہ چھوٹی انتظامی اکائیوں کے قیام سے حکومتی نظام بہتر بنانے، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور بنیادی سرکاری سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہے۔
رپورٹ میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ بڑے صوبائی انتظامی ڈھانچوں کے باعث دور دراز اضلاع اور چھوٹی آبادیوں کی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں، جس کے باعث نئے صوبوں کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
سروے کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ نئے صوبوں کے قیام کی بحث اب صرف سیاسی اور جغرافیائی معاملات تک محدود نہیں رہی بلکہ عوام اسے بہتر انتظامی نظام، مساوی ترقی اور سرکاری سہولیات کی مؤثر فراہمی سے بھی جوڑ رہے ہیں۔








