مہنگائی کی شرح میں اضافہ، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

مہنگائی کی شرح میں اضافہ، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 11.21 فیصد تک پہنچ گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 9 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 23 اشیا کے نرخ مستحکم رہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 12.06 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ انڈے 5.98 فیصد، آلو 2.42 فیصد اور لہسن 1.76 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ مرغی، ایل پی جی اور گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

دوسری جانب صارفین کے لیے کچھ ریلیف بھی سامنے آیا، ایک ہفتے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 7.42 فیصد جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 6.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ پیاز، کیلا، گڑ اور چینی بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔

سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 36.41 فیصد، چینی میں 24.54 فیصد، انڈوں میں 23.29 فیصد اور کیلے میں 3.39 فیصد کمی ہوئی۔ تاہم ٹماٹر کی قیمت میں غیر معمولی 7894 فیصد جبکہ پیاز کی قیمت میں 19.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود روزمرہ استعمال کی متعدد اشیا مہنگی ہونے سے عوام کو مہنگائی کے دباؤ کا سامنا ہے۔

More News