ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان نے تھائی لینڈ کو 24 رنز سے شکست دے دی

ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی: پاکستان نے تھائی لینڈ کو 24 رنز سے شکست دے دی

عجمان: آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ قومی ٹیم نے تھائی لینڈ کو 24 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

عجمان میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے عائشہ ظفر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 26 گیندوں پر ناقابل شکست 59 رنز اسکور کیے، جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

شوال ذوالفقار نے 35 گیندوں پر 42 رنز بنائے، جبکہ صدف شمس نے 32 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان منیبہ علی نے بھی 20 گیندوں پر ناقابل شکست 27 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 180 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تھائی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا سکی۔ نتھاکن چنتھم نے 24 گیندوں پر 43 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، تاہم پاکستانی بولرز نے اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کرکے حریف ٹیم کو ہدف تک پہنچنے سے روک دیا۔

پاکستان کی جانب سے تاسمیہ رباب نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عائشہ ظفر کو شاندار بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قومی ٹیم نے اس سے قبل اپنے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ تھائی لینڈ کے خلاف دوسری کامیابی کے بعد پاکستان نے گروپ بی میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

More News