امریکا غیر قانونی کارروائیاں بند کرے اور جنگی نقصانات کا ہرجانہ ادا کرے، عباس عراقچی

امریکا غیر قانونی کارروائیاں بند کرے اور جنگی نقصانات کا ہرجانہ ادا کرے، عباس عراقچی

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی غیر قانونی کارروائیاں فوری بند کرے اور جنگ کے نتیجے میں ایران کو پہنچنے والے نقصانات کا مکمل ہرجانہ ادا کرے۔

عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور وعدوں کی خلاف ورزیوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ ان کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ واشنگٹن اپنی خلاف ورزیوں کا ازالہ کرے اور طے شدہ ذمہ داریاں پوری کرے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ جنگ کے دوران ہونے والے مالی اور دیگر نقصانات کی تلافی بھی ضروری ہے۔ تہران کا مطالبہ ہے کہ امریکا نہ صرف اپنی کارروائیاں بند کرے بلکہ ایران کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے بھی عملی اقدامات کرے۔

عراقچی کے مطابق ایران اپنے مطالبات پر قائم ہے اور سفارتی ذرائع سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ان کے بقول موجودہ حالات میں مذاکرات کی بحالی کے لیے امریکی اقدامات بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

ایرانی حکومت کی جانب سے جنگ کے خاتمے، امریکی پابندیوں کے خاتمے اور ایرانی اثاثوں کی بحالی جیسے مطالبات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ تہران کا کہنا ہے کہ تنازع کا حل فوجی کارروائیوں کے بجائے سفارت کاری اور باہمی احترام کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں، تاہم جنگی نقصانات کے معاوضے، پابندیوں اور خطے میں فوجی سرگرمیوں جیسے معاملات دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کی اہم وجوہات بنے ہوئے ہیں۔

More News