مولانا سے نیب اور ایف آئی اے نے سوالات پوچھے، میں نے نہیں، ثمر ہارون بلور

مولانا سے نیب اور ایف آئی اے نے سوالات پوچھے، میں نے نہیں، ثمر ہارون بلور

پشاور: مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اور ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے سوالات انہوں نے نہیں بلکہ قومی احتساب بیورو (نیب) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کیے ہیں، متعلقہ اداروں کے سوالات کے جوابات دینا ہوں گے۔

نشتر ہال پشاور میں سپورٹس ہیروز ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے خیبر پختونخوا کے کھیلوں کے ہیروز اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سرفراز علی شاہ نے مختصر عرصے میں صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو دوبارہ فعال اور متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے باصلاحیت کھلاڑیوں اور انہیں چیمپئن بنانے میں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو دنیا کے سامنے متعارف کرانا قابلِ تحسین اقدام ہے۔ ایسے پروگرام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کی طرف راغب کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ثمر ہارون بلور نے نشتر ہال میں خواتین، بچیوں اور بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج اس تاریخی مقام پر اپنے کھلاڑیوں کی کامیابیوں کا جشن منایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق جب پاکستانی کھلاڑی عالمی سطح پر ٹرافیاں جیتتے ہیں تو پوری قوم ان کامیابیوں کو اپنی کامیابی سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے لیجنڈز کے ساتھ ان شخصیات کو بھی اعزازات سے نوازنا ضروری ہے جنہوں نے کھیلوں کا انتظامی ڈھانچہ قائم کرنے اور اس شعبے کی بنیادیں مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط منصوبہ بندی اور مؤثر انتظامی نظام کے بغیر کھیلوں میں پائیدار کامیابیاں حاصل نہیں کی جاسکتیں۔

مشیر گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ کھیلوں کی تقریبات میں خواتین اور بچیوں کی بطور چیمپئنز نمائندگی بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنا ترجیح ہے۔

تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر ثمر ہارون بلور نے کہا کہ بعض افراد متعلقہ اداروں کے نوٹسز کا جواب دینے اور اپنا مؤقف واضح کرنے کے بجائے نامناسب زبان استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گالم گلوچ سے اصل سوالات سے توجہ نہیں ہٹائی جا سکتی اور نیب و ایف آئی اے کے سوالات کے جوابات متعلقہ اداروں کو دینا ہوں گے۔

More News