مولانا شیخ ادریس کی ٹارگٹ کلنگ سے متعلق تفتیش میں اہم پیشرفت

مولانا شیخ ادریس ٹارگٹ کلنگ کیس میں اہم پیشرفت، 7 گرفتاریا

چارسدہ:کاشف عارف

چارسدہ میں مولانا شیخ ادریس کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 7 اہم مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کو مردان ریجن سے حراست میں لیا گیا اور ان سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقات جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔

حکام کے مطابق چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور کے مختلف علاقوں کی جیو فینسنگ کی جا رہی ہے جبکہ جائے وقوعہ کے اطراف مشکوک افراد کی پروفائلنگ پر بھی کام جاری ہے۔

تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ ایک مبینہ ٹارگٹ کلر کی واردات کے بعد چارسدہ سے فرار ہونے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزم صبح 5 بج کر 30 منٹ کے بعد چارسدہ میں داخل ہوا تھا۔

حکام کے مطابق مبینہ حملہ آور موٹرسائیکل پر چمکنی پہنچا اور وہاں سے سروس روڈ کے ذریعے چارسدہ گیا، جبکہ واردات کے بعد اسے کوہاٹ روڈ کی فوٹیج میں بھی دیکھا گیا۔

پشاور سیف سٹی ٹیم سمیت مختلف تفتیشی یونٹس کیس پر مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ 5 مئی کو مولانا شیخ ادریس دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہو گئے تھے۔

More News