شمالی وزیرستان: میرانشاہ میں پاک فوج کے زیر اہتمام امن و امان کے حوالے سے قبائلی جرگہ

شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں پاک فوج کے زیر اہتمام امن و امان کی صورتحال اور خطے میں پائیدار استحکام کے حوالے سے ایک اہم قبائلی جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں ملک مشران، قبائلی عمائدین اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ جرگے کو خطے میں اعتماد سازی، عوامی مسائل کے حل اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ تعاون کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جرگے میں جی او سی شمالی وزیرستان، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ مختلف قبائل سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور مشران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اجلاس کے دوران علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، عوامی تحفظ اور مقامی قبائل و سیکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مہمان خصوصی جی او سی شمالی وزیرستان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دیرپا امن کا قیام سیکیورٹی فورسز اور مقامی آبادی کے باہمی اعتماد اور تعاون سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے قبائلی مشران کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قبائل نے ہمیشہ امن، بھائی چارے اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج علاقے میں امن برقرار رکھنے، دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے بھی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے قبائل ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

جرگے کے دوران عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ متعلقہ حکام نے شرکاء کو یقین دلایا کہ عوامی شکایات کے حل اور علاقائی ترقی کے لیے قانونی اور پُرامن طریقہ کار کے تحت ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

سیاسی و سماجی حلقوں کے مطابق یہ جرگہ شمالی وزیرستان میں اعتماد سازی، امن کے فروغ اور عوام و سیکیورٹی اداروں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

More News

Crime

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ ایکسپلوسیو کے دہشتگردی میں استعمال کو روکنے کیلئے حکمت عملی بنانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ بارودی مواد کے دہشتگردی میں استعمال کی روک تھام کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ پشاور:سید عدنان خیبرپختونخوا

Read More »