خیبر پختونخوا میں بارشوں، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 11 جون سے 13 جون تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق متوقع موسمی صورتحال کے پیش نظر عوام، سیاحوں اور کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت بالائی اضلاع میں بارشوں کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اس کے علاوہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز آندھی متوقع ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ خاص طور پر چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان کے علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پشاور، مردان اور نوشہرہ جیسے میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے امکانات بھی موجود ہیں، جس کے باعث شہریوں کو نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں اور ژالہ باری کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ اسی طرح فصلوں کو بھی نقصان کا اندیشہ ہے، لہٰذا کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور زرعی آلات کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔
ادارے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو ٹیموں کی تیاری، مشینری اور دیگر ضروری وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، متبادل راستوں کی نشاندہی کرنے اور نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سیلابی پانی اور ندی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔ ادارے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔








