برطانیہ میں پاکستان آرمی کا شاندار کارنامہ، تمام بڑے اعزازات اپنے نام کر لیے
لندن: برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی فوجی مقابلے میں پاکستان آرمی کی ٹیم نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام بڑے اعزازات اپنے نام کر لیے۔ پاکستانی دستے نے نہ صرف مجموعی ٹیم ٹرافی میں پہلی پوزیشن حاصل کی بلکہ بہترین پیس اسٹکر اور بہترین ڈرائیور کے ایوارڈز بھی جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی کی نو رکنی ٹیم میجر حیدر گلزار کی قیادت میں 5 جون کو برطانیہ پہنچی تھی۔ ٹیم نے مقابلے کے دوران اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلے میں مختلف ممالک کی افواج کی 16 ٹیموں نے حصہ لیا، جہاں سخت مقابلے کے باوجود پاکستانی ٹیم نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے پیس اسٹکنگ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور مجموعی طور پر کلین سویپ کرتے ہوئے تمام اہم اعزازات اپنے نام کیے۔
فوجی ماہرین کے مطابق رائل ملٹری اکیڈمی جیسے عالمی سطح کے پلیٹ فارم پر کامیابی پاکستان آرمی کی اعلیٰ تربیت، پیشہ ورانہ معیار اور عالمی سطح پر اس کی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ اس کامیابی کو بین الاقوامی فوجی مقابلوں میں پاکستان کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ شاندار کامیابی پاکستانی افواج کے بلند معیار، بہترین تربیتی نظام اور عالمی سطح پر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی عکاس ہے۔ مقابلے میں حاصل ہونے والے اعزازات نہ صرف پاک فوج بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
پاکستان آرمی کی اس نمایاں کامیابی پر مختلف حلقوں کی جانب سے ٹیم کو مبارکباد دی جا رہی ہے اور اسے عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔








