پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار پر غور شروع

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات پر غور، شفافیت بڑھانے اور توانائی سلامتی مضبوط بنانے کی تجاویز

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور قواعد پر مبنی بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور شروع کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پیٹرولیم پرائسنگ اصلاحاتی کمیٹی کے اجلاس میں عالمی منڈی کی موجودہ صورتحال، تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور ملکی توانائی سلامتی سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے عالمی مارکیٹ میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو واضح قواعد و ضوابط کے تحت چلایا جائے تاکہ قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ کی صورت میں صارفین اور معیشت پر منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو یہ سفارش بھی کی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق تمام متعلقہ ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے۔ اس اقدام کا مقصد قیمتوں کے تعین کے عمل میں شفافیت بڑھانا، عوام کو بروقت معلومات فراہم کرنا اور اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

اجلاس میں تیل کی سپلائی چین کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سپلائی چین کو زیادہ مؤثر، محفوظ اور شفاف بنایا جا سکتا ہے، جس سے ذخیرہ اندوزی، غیر ضروری تاخیر اور دیگر انتظامی مسائل میں کمی آئے گی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ دوبارہ بندش اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر پیٹرولیم قیمتوں کے تعین سے متعلق کمیٹی کی ذمہ داریاں مزید اہم ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے مطابق مؤثر حکمت عملی اختیار کر رہی ہے تاکہ ملکی توانائی نظام کو مستحکم رکھا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ضروری ترامیم تجویز کر دی گئی ہیں۔ ان اصلاحات کے ذریعے مقامی سطح پر ڈیزل کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا، جس سے نہ صرف درآمدی بل میں کمی آئے گی بلکہ پاکستان کی توانائی سلامتی بھی مزید مضبوط ہوگی۔ وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ کمیٹی کی تمام سفارشات حتمی منظوری کے لیے وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی، تاکہ پیٹرولیم شعبے میں دیرپا اصلاحات متعارف کرائی جا سکیں۔

More News