خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کیلئے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس منظور، نوٹیفکیشن جاری
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سول سیکرٹریٹ، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور گورنر سیکرٹریٹ میں گریڈ 3 سے گریڈ 22 تک کے سرکاری ملازمین کیلئے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس کی منظوری دے دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے 19 جون 2026 کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا، جبکہ اس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 3 سے 6 کے ملازمین کو 6 ہزار، گریڈ 7 سے 10 کو 9 ہزار، گریڈ 11 سے 13 کو 13 ہزار، گریڈ 14 اور 15 کو 16 ہزار، گریڈ 16 کو 18 ہزار، گریڈ 17 اور 18 کو 21 ہزار، گریڈ 19 کو 28 ہزار، گریڈ 20 کو 35 ہزار، گریڈ 21 کو 42 ہزار جبکہ گریڈ 22 کے افسران کو 52 ہزار روپے ماہانہ ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس دیا جائے گا۔
محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یہ الاؤنس انکم ٹیکس کے دائرہ کار میں ہوگا اور ہاؤس رینٹ الاؤنس کے متبادل کے طور پر دیا جائے گا۔ یہ سہولت صرف سول سیکرٹریٹ، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور گورنر سیکرٹریٹ میں تعیناتی کے دوران دستیاب ہوگی اور اسے پنشن، گریجویٹی یا کمیوٹیشن کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری رہائش گاہ یا ہاؤس سبسڈی حاصل کرنے والے ملازمین، ڈپوٹیشن پر تعینات افسران، ویٹنگ پیریڈ پر موجود ملازمین، غیر معمولی رخصت پر جانے والے افراد اور نیشنل پے اسکیل کے علاوہ کنٹریکٹ یا مارکیٹ بیسڈ تنخواہوں پر کام کرنے والے افسران اس الاؤنس کے اہل نہیں ہوں گے۔








