عمران خان سے جیل ملاقاتوں کا مکمل ریکارڈ طلب، سپریم کورٹ کا اہم حکم
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقاتوں کے کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے جیل انتظامیہ کو تمام ملاقاتوں کا مکمل ریکارڈ اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ عمران خان سے اب تک کتنی ملاقاتیں ہوئیں، کن تاریخوں پر ہوئیں اور اس حوالے سے مکمل تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ملاقاتوں کے بعد میڈیا سے گفتگو نہیں کی جائے گی، اس لیے تمام متعلقہ ریکارڈ عدالت کے سامنے لایا جائے۔ دوسری جانب ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض بھی اٹھایا۔
سپریم کورٹ نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تین ہفتوں کے اندر عمران خان سے ہونے والی تمام ملاقاتوں کا مکمل ریکارڈ اور جامع رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے، جبکہ کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی گئی۔








