خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈ سے 12 افراد جاں بحق، 14 زخمی

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈ سے 12 افراد جاں بحق، 14 زخمی، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

پشاور: خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی موسلادھار بارشوں اور فلیش فلڈ کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 5 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔ زخمی افراد میں 8 مرد، 2 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں، جنہیں مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق بعض متاثرہ علاقوں میں سرچ اور ریسکیو کارروائیاں بھی جاری ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ متاثرہ شخص تک بروقت رسائی حاصل کی جا سکے۔

بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث متعدد رہائشی مکانات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مجموعی طور پر 14 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں ایک مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ 13 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر امدادی سامان، خوراک، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جائیں۔

رپورٹ کے مطابق پشاور، ضلع خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، لوئر چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر اور ضلع کرم ان علاقوں میں شامل ہیں جہاں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث جانی و مالی نقصان ریکارڈ کیا گیا۔ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے اور متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت جاری کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبے کے تمام بڑے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے، تاہم وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ 23 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اسی پیش نظر تمام اضلاع کی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سیلابی ریلوں، ندی نالوں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں، جبکہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، معلومات یا شکایت کے لیے فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔ حکام کے مطابق متعلقہ ادارے مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

More News