متحدہ مدارس کونسل کا مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج اور شہداء سے متعلق بیانات سے لاتعلقی کا اعلان

متحدہ مدارس کونسل کا مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج اور شہداء سے متعلق بیانات سے لاتعلقی کا اعلان

متحدہ مدارس کونسل پاکستان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج اور شہداء سے متعلق بیانات سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔

جاری پریس ریلیز میں متحدہ مدارس کونسل نے واضح کیا کہ پاک فوج اور شہداء وطن کے حوالے سے کسی بھی توہین آمیز یا منفی بیان سے دینی مدارس، دینی وفاق اور تعلیمی بورڈز کا کوئی تعلق نہیں۔

ترجمان متحدہ مدارس کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری نے کہا کہ وطن عزیز کے تمام دینی وفاقوں، تعلیمی بورڈز اور مدارس کے مشترکہ نمائندہ پلیٹ فارم کا مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پاک فوج اور کارگل کے شہداء کے حوالے سے دیے گئے بیانات سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ مدارس کونسل شہداء وطن کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور قومی یکجہتی، امن اور ملکی استحکام کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ملک بھر کے دینی مدارس، مساجد، علماء، خطباء اور طلبہ ملک و ملت کی خدمت میں مصروف ہیں، اس لیے ان کے خلاف کسی بھی قسم کا منفی پروپیگنڈا قابل مذمت ہے۔

متحدہ مدارس کونسل کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شدت پسندوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

دوسری جانب 15 جولائی کو گوجرانوالہ کی مقامی عدالت نے مولانا فضل الرحمان کے متنازع بیان سے متعلق درخواست پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 اگست تک جواب طلب کیا تھا۔

More News