محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات، سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور سرحدی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سرحدی سلامتی بہتر بنانے اور انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف مشترکہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں سامنے آیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے وفود کے درمیان بھی تفصیلی مذاکرات ہوئے۔ ملاقات میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں، علاقائی صورتحال اور مشترکہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وزارت داخلہ پہنچے تو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں دونوں ممالک کے وفود کا باہمی تعارف کرایا گیا، جس میں پاکستانی وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کے سربراہان اور ایرانی وفد کے اہم ارکان شریک تھے۔
وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ تجارت، سرحدی انتظام، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کو بھی وسعت دی جائے۔ دونوں وزرائے داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔
ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن جیسے اہم مسائل پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ان چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے معلومات کے تبادلے، مشترکہ حکمت عملی اور ادارہ جاتی رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ افغان سرحد کے ذریعے دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی مشترکہ اقدامات اور بہتر رابطہ کاری پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ سکندر مومنی کی امن کے لیے سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خطے میں جلد مثبت پیش رفت سامنے آئے گی اور پائیدار امن کے قیام میں مدد ملے گی۔
ایرانی وفد میں گورنر جنرل سیستان و بلوچستان، نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر اربن ڈویلپمنٹ و ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ پاکستانی وفد میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس اور وزارت داخلہ کے دیگر سینئر حکام بھی شریک ہوئے۔ ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔








