راجن پور میں شیری نسل کی نایاب بکری 18 لاکھ روپے میں فروخت، بھنگڑوں کے ساتھ رخصت
راجن پور: پنجاب کے ضلع راجن پور میں شیری نسل کی ایک نایاب ٹیڈی بکری 18 لاکھ روپے کی خطیر رقم میں فروخت کر دی گئی، جس نے علاقے سمیت سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کر لی۔ منفرد نسل، خوبصورت رنگت اور اعلیٰ خصوصیات کی حامل اس بکری کی خرید و فروخت ایک یادگار تقریب کی صورت اختیار کر گئی۔
بکری کے مالک کے مطابق 15 کلو گرام وزنی شیری نسل کی یہ بکری اپنی نایاب خصوصیات اور عمدہ نسل کی وجہ سے دیگر جانوروں سے منفرد تھی، جس کے باعث اس کی قیمت بھی غیر معمولی مقرر کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ نسل کے جانوروں کے شوقین افراد اس قسم کی بکریوں کی خریداری میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔
خریدار بکری لینے کے لیے درجنوں گاڑیوں پر مشتمل قافلے کے ساتھ پہنچے، جہاں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے، نوٹ نچھاور کیے گئے اور بکری کو خصوصی انداز میں سجا کر رخصت کیا گیا۔ اس موقع پر تقریب میں شریک مہمانوں کی تواضع بیف قورمے اور میٹھے چاولوں سے کی گئی، جبکہ بڑی تعداد میں مقامی شہری بھی اس منفرد منظر کو دیکھنے کے لیے موجود رہے۔
واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ افراد نے اسے اعلیٰ نسل کے جانوروں سے شوق اور وابستگی قرار دیا، جبکہ کئی صارفین نے ایک بکری کی 18 لاکھ روپے میں فروخت پر حیرت کا اظہار کیا۔
جانوروں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اعلیٰ نسل کے جانوروں کی مارکیٹ میں منفرد خصوصیات رکھنے والے جانور بعض اوقات لاکھوں روپے میں فروخت ہوتے ہیں، تاہم راجن پور میں ہونے والی اس فروخت نے اپنی منفرد اندازِ تقریب کے باعث غیر معمولی شہرت حاصل کی ہے۔







