شہدائے پولیس کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں: محسن نقوی

شہدائے پولیس کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں، محسن نقوی کا یومِ شہدائے پولیس پر خراجِ عقیدت

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پولیس کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور پوری قوم ان عظیم ہیروز کو ہمیشہ احترام اور فخر کے ساتھ یاد رکھے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی پولیس نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں غیر معمولی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے پولیس فورس نے بے شمار جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پولیس کے شہداء قوم کے حقیقی ہیروز ہیں، جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر وطن عزیز کے امن اور استحکام کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ انہی قربانیوں کی بدولت آج ملک میں امن قائم رکھنے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوششیں مزید مضبوط ہوئی ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے، جدید تربیت، بہتر وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ اہلکار بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹ سکیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ یومِ شہدائے پولیس ہمیں ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے پوری قوم پر زور دیا کہ وہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے تاکہ دہشت گردی اور جرائم کے مکمل خاتمے کے ساتھ ایک محفوظ، پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کا خواب حقیقت بن سکے۔

More News