خیبر پختونخوا میں مزید بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات نے نئی پیشگوئی جاری
پشاور: محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، سوات اور شانگلہ سمیت متعدد اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش ہونے کی توقع ہے۔ اسی طرح مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، اپر اور لوئر کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں بعض مقامات پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبر، کوہاٹ، ہنگو، کرک، اورکزئی، کرم اور لکی مروت کے علاوہ بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں تیز بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال پر نظر رکھیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ سوات، کاکول، چترال، نوشہرہ، تیمرگرہ، دیر اور بالاکوٹ میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
پشاور کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث حبس کی کیفیت برقرار رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں پارہ 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ ماہرین کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس سے گرمی کی شدت میں مزید کمی اور موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ تاہم متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی اثرات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔








