آبنائے ہرمز سے محفوظ بحری آمدورفت کے لیے راستہ بنانے پر کام جاری، امریکا کا ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کا اعلان
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے راستہ بنانے پر کام جاری ہے، تاہم امریکا ایران پر دباؤ برقرار رکھے گا۔
جے ڈی وینس کے مطابق مجوزہ انتظام میں ایران کی جانب سے تجارتی بحری جہازوں پر فائرنگ نہ کرنے کی یقین دہانی بھی شامل ہے، تاہم امریکا ایرانی یقین دہانی پر مکمل اعتماد نہیں کرتا۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے زیادہ سے زیادہ تیل کی ترسیل کی اجازت دینے کی بات کی ہے، جبکہ ایرانی حکومت میں بعض حلقوں کی جانب سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ٹول عائد کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ تاہم ایرانی حکام نے امریکا کو آبنائے ہرمز پر ٹول عائد نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
جے ڈی وینس کے مطابق ایران نے خلیج سے جنگ شروع ہونے سے قبل جتنی مقدار میں تیل اور گیس کی ترسیل جاری تھی، اسی سطح پر سپلائی برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ تیل اور گیس کی ترسیل سابقہ سطح پر برقرار رہے گی۔
امریکی نائب صدر نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے اقدامات جاری رہیں گے، تاہم واشنگٹن تہران پر اپنا دباؤ برقرار رکھے گا۔







