سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانی نظام میں مصنوعی ذہانت متعارف کرانے کا فیصلہ
کراچی: سندھ حکومت نے سندھ پبلک سروس کمیشن (SPSC) کے بھرتی اور امتحانی نظام کو جدید بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس حوالے سے چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں امتحانی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور جدید بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایس پی ایس سی کے امتحانی عمل میں بہتری لائی جائے گی اور مختلف مراحل کو زیادہ مؤثر بنایا جائے گا۔
حکام کے مطابق مصنوعی ذہانت سے سوالیہ پرچوں کی تیاری، امیدواروں کی اسیسمنٹ اور امتحانی ڈیٹا کے انتظام سمیت مختلف شعبوں میں استفادہ کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد امتحانی عمل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور اس کے مختلف مراحل میں کارکردگی بہتر بنانا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ امتحانی نظام کے بعض مراحل میں غیر ضروری انسانی مداخلت کم کرنے کے لیے بھی اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ اس کے علاوہ صوبے کے مختلف علاقوں میں ٹیکنالوجی سے آراستہ ورک اسٹیشنز قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔
حکام کے مطابق ان ورک اسٹیشنز کے قیام سے صوبے کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو بھی جدید امتحانی سہولیات تک رسائی حاصل ہوسکے گی۔





