تیز رفتاری کے باعث خوفناک حادثہ، 5 افراد جاں بحق، زخمی بچہ اسپتال منتقل
تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں دو راہگیر اور کار میں سوار تین افراد سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جہاں بے قابو رفتار کار نے سڑک پر موجود دو راہگیروں کو کچل دیا، جبکہ کار میں سوار تین افراد بھی حادثے کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 15 سالہ مزمل، 18 سالہ نعمان، 20 سالہ عبدالرحمن، 17 سالہ فرقان اور 19 سالہ جنید شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کی۔ اہلکاروں نے حادثے میں متاثرہ افراد کو سروسز ہسپتال منتقل کیا، جہاں ایک زخمی بچے کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
حادثے کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین میں بھی غم کی لہر دوڑ گئی۔ ریسکیو حکام اور متعلقہ اداروں کی جانب سے حادثے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سڑکوں پر ڈرائیونگ کے دوران رفتار پر قابو رکھا جائے اور ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائی جائے، تاکہ ایسے المناک حادثات سے بچا جاسکے۔







