پنشن ملازم کا بنیادی آئینی حق ہے، خیرات نہیں، وفاقی آئینی عدالت کا بڑا فیصلہ

پنشن ملازم کا بنیادی آئینی حق ہے، خیرات نہیں، وفاقی آئینی عدالت کا بڑا فیصلہ

وفاقی آئینی عدالت نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پنشن ملازم کا بنیادی آئینی حق ہے اور اسے خیرات یا رعایت قرار نہیں دیا جاسکتا۔ عدالت کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد کسی ملازم یا اس کے اہلخانہ کو پنشن اور دیگر واجبات سے محروم رکھنا آئینی انصاف اور انسانی وقار کے اصولوں کے منافی ہے۔

جسٹس ارشد شاہ کے تحریر کردہ فیصلے میں پشاور ہائیکورٹ کا سابقہ حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے ٹی ایم اے ایبٹ آباد کے متوفی ملازم بشیر حسین کی بیوہ کی اپیل منظور کرلی گئی۔

عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متوفی ملازم کی بیوہ کو پنشن، گریجویٹی، کمیوٹیشن اور تمام بقایا جات فوری طور پر ادا کیے جائیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ اہم اصول بھی طے کیا کہ اگر کسی قانون کی دو مختلف تشریحات ممکن ہوں تو ایسی تشریح اختیار کی جائے گی جو ملازم کے حق میں ہو۔

کیس کے مطابق بشیر حسین نومبر 2020 میں ٹی ایم اے ایبٹ آباد سے بطور چوکیدار ریٹائر ہوئے تھے۔ ان کی کوالیفائنگ سروس میں چند ماہ کی کمی رہ گئی تھی، جسے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے معاف کردیا تھا۔ تاہم بعد ازاں آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے اعتراض اٹھاتے ہوئے پنشن اور دیگر مالی واجبات کی ادائیگی روک دی۔

بشیر حسین کی 2021 میں وفات کے بعد ان کی بیوہ نے اپنے شوہر کے واجبات کے حصول کے لیے قانونی جنگ جاری رکھی۔ معاملہ پہلے پشاور ہائیکورٹ تک پہنچا، جہاں سے انہیں مطلوبہ ریلیف نہیں مل سکا، جس کے بعد انہوں نے اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا۔

وفاقی آئینی عدالت نے کیس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد انتظامی اور آڈٹ اعتراضات کو مسترد کردیا اور بیوہ کے حق میں فیصلہ سنایا۔ عدالت نے واضح کیا کہ طویل سرکاری خدمت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی پنشن محض حکومتی رعایت نہیں بلکہ ملازم کی خدمات کا قانونی و آئینی حق ہے۔

عدالت کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد واجب الادا مالی حقوق کی ادائیگی میں غیر ضروری تاخیر یا بلاجواز رکاوٹ ملازم اور اس کے اہلخانہ کے لیے مشکلات کا باعث بنتی ہے۔ فیصلے میں انسانی وقار اور بنیادی حقوق کے تحفظ کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ سرکاری ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے پنشن سے متعلق مقدمات کے لیے ایک اہم قانونی نظیر قرار دیا جارہا ہے۔

More News

Breaking

آیت نور کے گھر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آمد، اہلخانہ سے تعزیت،ایت نور کےوالد آبدیدہ ، ملزمان کو سخت سزا دلانے کا عزم

آیت نور کے گھر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آمد، اہلخانہ سے تعزیت، ملزمان کو سخت سزا دلانے کا عزم ہری پور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی

Read More »