پشاور میں دن دیہاڑے نشئی 11 ہزار وولٹ کے کھمبے پر چڑھ گیا، بجلی 10 گھنٹے بند
پشاور: شہر میں منشیات کے عادی افراد کے خلاف کارروائیوں اور پشاور کو ڈرگ فری بنانے کے دعووں کے باوجود صورتحال میں بہتری نہ آسکی۔ باچا خان چوک میں دن دیہاڑے ایک منشیات کے عادی شخص نے 11 ہزار وولٹ کی بجلی کی لائن کاٹنے کی کوشش کرتے ہوئے بجلی کے کھمبے پر چڑھ کر شہریوں اور اپنی جان کو شدید خطرے میں ڈال دیا۔
واقعے کے باعث علاقے میں بجلی کی فراہمی تقریباً 10 گھنٹے تک متاثر رہی۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا اور مبینہ طور پر 11 ہزار وولٹ کی لائن کو کاٹنے کی کوشش کرنے لگا۔ خطرناک صورتحال دیکھ کر شہریوں میں تشویش پھیل گئی جبکہ موقع پر موجود لوگوں نے اسے روکنے کی کوشش کی۔
پیسکو اہلکار بھی فوری طور پر موقع پر پہنچے اور بجلی کی لائن کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے۔ شہریوں اور متعلقہ اہلکاروں کی کوششوں کے بعد نشے کے عادی شخص کو بجلی کے کھمبے سے اتار لیا گیا، تاہم اس دوران حفاظتی اقدامات کے تحت شاہی باغ گرڈ سے بجلی کی فراہمی بند کردی گئی۔
بجلی کی طویل بندش کے باعث علاقے کے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید گرمی میں تقریباً 10 گھنٹے بجلی بند رہنے سے گھریلو صارفین، دکانداروں اور دیگر شہریوں کو پریشانی اٹھانا پڑی۔
واقعے نے پشاور میں منشیات کے عادی افراد کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور ان کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پشاور کو ڈرگ فری بنانے کے لیے مختلف اعلانات اور اقدامات کے باوجود شہر کے متعدد علاقوں میں منشیات کے عادی افراد کھلے عام نظر آتے ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق حیات آباد، گلبرگ، نوتھیہ، صدر، کوہاٹ روڈ، فردوس پھاٹک، ہشتنگری اور گلبہار سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں نشے کے عادی افراد کی موجودگی ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ منشیات کے عادی افراد کی موجودگی سے نہ صرف امن و امان بلکہ شہریوں کی جان و مال کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق بعض علاقوں میں بجلی اور گیس کے میٹرز، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان کی چوری کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
عوام نے کمشنر پشاور اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات کے عادی افراد کے خلاف صرف کارروائیوں کے بجائے ان کی بحالی اور علاج کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پشاور کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے مستقل بنیادوں پر جامع حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ اور نوجوان نسل کو منشیات کے خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔








