چکری کے قریب ایم ٹو موٹر وے پر خوفناک حادثہ، ایک شخص جاں بحق، 30 زخمی
راولپنڈی: ایم ٹو موٹر وے پر چکری کے قریب شدید بارش کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت اٹک کے رہائشی شمس الرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثہ تیز بارش کے دوران پھسلن کے باعث پیش آیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے 30 افراد کو جڑواں شہروں کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، جبکہ معمولی زخمیوں کو طبی امداد کے بعد اسپتالوں سے ڈسچارج کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
واسا حکام کے مطابق موجودہ مون سون اسپیل رواں سیزن کا سب سے شدید اسپیل ہے، جبکہ اب تک مجموعی طور پر 140 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ تک بلند ہوگئی ہے۔








