خیبر میں چوری کی انوکھی واردات، مبینہ چور 80 میٹر گہرے کنویں میں جاگرا

خیبر میں چوری کی انوکھی واردات، مبینہ چور 80 میٹر گہرے کنویں میں جاگرا

ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے علاقے چنار کلے میں چوری کی ایک انوکھی واردات سامنے آئی، جہاں مبینہ طور پر چوری کی نیت سے آنے والا شخص خود ہی 80 میٹر گہرے کنویں میں جاگرا اور جان بچانے کے لیے اہلِ علاقہ سے مدد مانگنے پر مجبور ہوگیا۔

مقامی افراد کے مطابق واقعہ رات کے وقت پیش آیا۔ ایک شخص مبینہ طور پر کنویں میں نصب واٹر پمپ چوری کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ گہرے کنویں میں جاگرا۔

کنویں میں گرنے کے بعد مذکورہ شخص نے خود باہر نکلنے کی کوشش کی، تاہم گہرائی زیادہ ہونے کے باعث اس کی تمام کوششیں ناکام رہیں۔ بالآخر اس نے اپنی جان بچانے کے لیے شور مچانا اور اہلِ علاقہ کو مدد کے لیے پکارنا شروع کردیا۔

شخص کی چیخ و پکار سن کر مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے۔ صورتحال کا اندازہ ہونے کے بعد فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور گہرے کنویں میں پھنسے شخص کو نکالنے کے لیے خصوصی امدادی کارروائی شروع کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے سخت جدوجہد کے بعد اسے زخمی حالت میں بحفاظت کنویں سے باہر نکال لیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق کنویں میں گرنے اور خود باہر نکلنے کی کوششوں کے دوران مذکورہ شخص کو کافی چوٹیں آئیں۔ میڈیکل ٹیم نے موقع پر اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد زخمی شخص کو مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اہلِ علاقہ کے مطابق مذکورہ شخص مبینہ طور پر نشے کا عادی ہے اور اپنا نشہ پورا کرنے کے لیے چھوٹی موٹی چوریاں کرتا رہتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے مزید حقائق متعلقہ حکام کی کارروائی اور تحقیقات کے بعد سامنے آسکتے ہیں۔

واقعے نے علاقے میں ایک عجیب صورتحال پیدا کردی، جہاں مبینہ چوری کی کوشش کرنے والا شخص خود ہی مشکل میں پھنس گیا اور آخرکار اپنی جان بچانے کے لیے انہی لوگوں سے مدد مانگنے لگا جن کے علاقے میں مبینہ طور پر چوری کرنے پہنچا تھا۔

More News

Breaking

آیت نور کے گھر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آمد، اہلخانہ سے تعزیت،ایت نور کےوالد آبدیدہ ، ملزمان کو سخت سزا دلانے کا عزم

آیت نور کے گھر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آمد، اہلخانہ سے تعزیت، ملزمان کو سخت سزا دلانے کا عزم ہری پور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی

Read More »