ڈاکٹر بخت زادہ کا بڑا کارنامہ، 4 ہزار سے زائد تھائرائیڈ آپریشنز مکمل

ڈاکٹر بخت زادہ کا بڑا کارنامہ، 4 ہزار سے زائد تھائرائیڈ آپریشنز مکمل

پشاور: لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے سابق پروفیسر اور ای این ٹی کے معروف ماہر ڈاکٹر بخت زادہ نے 4 ہزار سے زائد تھائرائیڈ آپریشنز مکمل کرکے اہم سنگِ میل عبور کرلیا۔

ڈاکٹر بخت زادہ کے مطابق انہوں نے ایک ہی دن میں 23 پیچیدہ تھائرائیڈ کینسر کے آپریشنز بھی کیے، جسے ایک غیر معمولی طبی کارنامہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کامیابی کے بعد ان کے اس ریکارڈ کو گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر بخت زادہ نے اس موقع پر کینسر کے مریضوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری بھی سنائی ہے۔ ان کے مطابق وہ جلد ہی تھائرائیڈ کینسر کے علاج اور آپریشنز مکمل طور پر مفت فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔

اس مقصد کے لیے اسلام آباد میں ’زادہ فاؤنڈیشن‘ کے تحت ایک چیریٹی ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے، جس کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔ ڈاکٹر بخت زادہ کے مطابق ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح جلد متوقع ہے۔

ملک بھر سے مریضوں کا رجوع

ڈاکٹر بخت زادہ نے اپنی طبی خدمات ملک کے مختلف ممتاز اداروں میں انجام دی ہیں، جن میں قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال، ڈاکٹرز ہسپتال اور فاروق ہسپتال لاہور و اسلام آباد شامل ہیں۔

ان کی مہارت کے باعث خیبر پختونخوا کے علاوہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور آزاد کشمیر سمیت بیرونِ ملک سے بھی مریض ان سے رابطہ کر رہے ہیں اور آن لائن مشاورت کے ذریعے آپریشنز کے لیے بکنگ کروا رہے ہیں۔

ڈاکٹر بخت زادہ کا کہنا ہے کہ زادہ فاؤنڈیشن کے تحت قائم کیے جانے والے چیریٹی ہسپتال کا بنیادی مقصد غریب اور نادار مریضوں کو کینسر جیسے مہنگے اور پیچیدہ مرض کا مفت اور معیاری علاج فراہم کرنا ہے۔

ان کے مطابق مالی مشکلات کی وجہ سے کسی مریض کو علاج سے محروم نہیں ہونا چاہیے، اسی سوچ کے تحت چیریٹی ہسپتال میں ضرورت مند مریضوں کو علاج اور سرجری کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ڈاکٹر بخت زادہ کے 4 ہزار سے زائد تھائرائیڈ آپریشنز مکمل کرنے اور ایک ہی دن میں 23 پیچیدہ آپریشنز انجام دینے کے دعوے نے طبی حلقوں میں بھی توجہ حاصل کی ہے۔ تاہم گینیز ورلڈ ریکارڈ میں باضابطہ شمولیت کا فیصلہ متعلقہ ریکارڈ کی تصدیق اور جائزے کے بعد ہی ہوگا۔

More News