بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے پیچھے دشمن ممالک ہیں، وزیراعظم

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے پیچھے دشمن ممالک ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے پیچھے دشمن ممالک ہیں، جبکہ فتنۃ الخوارج کو بیرونی عناصر سے وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔

بلوچستان نیشنل ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان بہادر بلوچ اور پشتون عوام کا خطہ ہے، جہاں دلیری، مہمان نوازی اور رواداری کی عظیم روایات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ قبائل عزت و وقار کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہیں اور ان اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرتے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان نیشنل ورکشاپ کا مقصد صرف سرکاری مؤقف پیش کرنا نہیں بلکہ عوام کی بات سننا اور ان کے مسائل کو سمجھنا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان وجود میں آیا، جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں نے بھی پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ، ثقافت اور روایات پاکستان کے قومی تشخص کا اہم حصہ ہیں، جبکہ بلوچ اور پشتون عوام کی بہادری، مہمان نوازی اور رواداری قابلِ فخر روایات ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق برصغیر کی مختلف ریاستوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ اپنی مرضی اور مستقبل کے عزم کی بنیاد پر کیا، یہ کسی دباؤ یا بندوق کی نوک پر نہیں ہوا تھا۔

شہباز شریف نے بلوچستان میں 1950، 1955 اور 1970 کے واقعات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ تاریخ میں یہ بحث جاری رہے گی کہ ان معاملات کو کس طرح بہتر انداز میں حل کیا جا سکتا تھا اور کیا انہیں مذاکرات کے ذریعے طے کیا جا سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بالآخر 1970 میں بلوچستان مکمل طور پر پاکستان کا حصہ بنا اور اسے ملک کے چوتھے صوبے کی حیثیت حاصل ہوئی۔

وزیراعظم کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

More News