خیبرپختونخوا اسمبلی نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا ترمیمی بل 2026 منظور کرلیا

خیبرپختونخوا اسمبلی نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا ترمیمی بل 2026 منظور کرلیا

خیبرپختونخوا اسمبلی نے صوبے میں کیش لیس معیشت اور شفاف مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے خیبرپختونخوا ڈیجیٹل پروموشن آف پیمنٹس ترمیمی بل 2026 کثرتِ رائے سے منظور کرلیا۔

صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے بل ایوان میں پیش کیا، جس کے تحت خیبرپختونخوا کے تجارتی مراکز، دکانوں، تعلیمی اداروں، کلینکس اور ہسپتالوں میں ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام نافذ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

منظور شدہ قانون کے مطابق متعلقہ کاروباری اداروں اور سروس فراہم کرنے والے مراکز پر QR کوڈ آویزاں کرنا بھی ضروری ہوگا تاکہ شہری آسانی سے ڈیجیٹل ادائیگی کرسکیں۔

بل میں صارفین کو ریلیف دیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کی صورت میں گاہک سے کوئی اضافی چارج وصول نہیں کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل ادائیگی قبول کرنے سے انکار کرنے والے کاروباری اداروں کے خلاف جرمانے عائد کیے جاسکیں گے۔

قانون کے تحت مانیٹرنگ افسران کو تجارتی مراکز کا معائنہ کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا تاکہ ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام پر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔

حکومت نے کیش لیس معیشت کو فروغ دینے کے لیے نئے رجسٹرڈ ہونے والے کاروباروں کے لیے دو سال تک ٹیکس رعایت کی تجویز بھی شامل کی ہے۔

اس کے علاوہ بینکوں اور متعلقہ سروس فراہم کرنے والے اداروں کو ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کے کامیاب نفاذ کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

صوبائی حکومت کے مطابق اس اقدام سے نقد رقم کے استعمال میں کمی، لین دین میں شفافیت اور کاروباری سرگرمیوں کی دستاویز بندی کو فروغ ملے گا، جبکہ شہریوں کے لیے ادائیگی کا عمل مزید آسان اور محفوظ بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

More News