سونا ایک بار پھر مہنگا، عالمی منڈی میں قیمت تین ماہ کی بلند ترین سطح پر

سونا ایک بار پھر مہنگا، عالمی منڈی میں قیمت تین ماہ کی بلند ترین سطح پر

عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث قیمتی دھات کی قیمت تین ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سونا 4,627.42 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا۔ کاروباری سیشن کے دوران سونے کی قیمت 15 مئی کے بعد بلند ترین سطح پر دیکھی گئی۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے بھی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 5 فیصد سے زائد اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد رواں ہفتے بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔

دوسری جانب امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت بھی 0.1 فیصد اضافے کے بعد 4,683.80 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اضافے کے پیچھے کئی عوامل کارفرما ہیں۔ سرمایہ کار ایک بار پھر سونے میں دلچسپی لے رہے ہیں، جبکہ امریکی ڈالر کی کمزوری بھی قیمتی دھات کی قیمتوں کو سہارا دے رہی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار بلند بانڈ ییلڈز کے باعث معیشت کو درپیش بنیادی دباؤ اور عالمی سطح پر پالیسی سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے ممکنہ اثرات پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کو نسبتاً محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، جس سے اس کی طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ادھر دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ اسپاٹ چاندی 0.3 فیصد کمی کے بعد 68.76 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 0.5 فیصد کمی کے بعد 1,868.03 ڈالر فی اونس جبکہ پیلاڈیم 0.3 فیصد کمی کے بعد 1,345.87 ڈالر فی اونس پر آگیا۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی مسلسل بڑھتی قیمتوں کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں پر اضافے کا دباؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

More News