آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری میں پیشرفت، کابینہ کمیٹی کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا، جس میں آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری کے عمل میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نجکاری کمیشن کو ہدایت کی گئی کہ پاور ڈویژن کے ساتھ مشاورت کا عمل آئندہ ہفتے تک مکمل کیا جائے۔ اعلامیے کے مطابق پاور ڈویژن سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد کابینہ کمیٹی نجکاری کے حوالے سے آئندہ کا فیصلہ کرے گی۔
اجلاس میں نجکاری پروگرام میں مزید سرکاری اداروں کو شامل کرنے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ کمیٹی نے نجکاری ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو بعض ترامیم کے ساتھ منظور کرلیا، جبکہ نجکاری کمیشن کے بجٹ کی بھی ترمیم شدہ منظوری دے دی گئی۔
پاور ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق کابینہ کمیٹی نے سالانہ نجکاری پروگرام اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا۔ کمیٹی نے نجکاری کمیشن کو ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے اور تمام مراحل مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل میں باہمی رابطے کو مؤثر بنایا جائے اور تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نجکاری سے متعلق معاملات کو طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھایا جائے تاکہ مقررہ اہداف حاصل کیے جاسکیں۔






