آن لائن گیمنگ کے ذریعے نابالغ بچے کو نشانہ بنانے کا انکشاف، ملزم کے خلاف کارروائی، موبائل فون برآمد

آن لائن گیمنگ کے ذریعے نابالغ بچے کو نشانہ بنانے کا انکشاف، ملزم کے خلاف کارروائی، موبائل فون برآمد

اسلام آباد میں آن لائن گیمنگ کے ذریعے نابالغ بچے کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے اور بلیک میل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی نے بچوں کے استحصال اور بلیک میلنگ میں ملوث ملزم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک موبائل فون برآمد کرلیا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق مدعی مشتاق خان کی شکایت پر معاملے کی انکوائری شروع کی گئی، جس کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم مبینہ طور پر آن لائن گیمنگ کے ذریعے ایک نابالغ بچے کو اپنے نشانے پر لے کر اسے بلیک میل کر رہا تھا۔

تحقیقات کے مطابق ملزم پر بچوں کے استحصال سے متعلق مواد تیار کرنے، اپنے پاس رکھنے اور پھیلانے میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔

این سی سی آئی اے راولپنڈی نے کارروائی کے دوران ایک موبائل فون قبضے میں لے لیا ہے، جسے مزید تحقیقات کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے تاکہ مبینہ جرم کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

More News