امن کا قیام ترجیح، پولیس شہداء کے خاندانوں کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کرائیں گے: فیصل کریم کنڈی
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ پولیس شہداء کے خاندانوں کی سہولت کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کرائے جائیں گے تاکہ سرکاری دفاتر میں ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جاسکیں۔
گورنر کی زیرِ صدارت پشاور میں پولیس افسران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی کاشف عالم، چیف کیپیٹل پولیس آفیسر ڈاکٹر میاں سعید اور دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ اوپن ڈور پالیسی اپنائیں، عوامی مسائل سنیں اور شہریوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے مقامی عمائدین کو اعتماد میں لے کر امن و امان کی بہتری کے لیے کام کرنے پر بھی زور دیا۔
گورنر نے کہا کہ پولیس شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے۔ شہداء پیکج میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ شہداء کے بچوں کے لیے کیڈٹ کالج کے قیام کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ انہوں نے پولیس حکام کو شہداء کے خاندانوں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس کو جدید وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے صوبائی پولیس کو 10 بکتر بند گاڑیاں (اے پی سیز) فراہم کی ہیں، جبکہ خالی آسامیوں پر فوری بھرتیوں کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ شہروں کے منصوبوں کو ضم اضلاع تک وسعت دی جائے گی اور پولیس تھانوں، چوکیوں، پولیس لائنز اور چیک پوسٹوں کی سہولیات بہتر بنائی جائیں گی۔ ان مقامات کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
گورنر نے دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمت عملی اپنانے اور تنازعات کے حل کے مراکز کی کارکردگی بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو درکار سہولیات اور وسائل کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔







