اپر کرم میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، مسلح افغان شہری گرفتار، اسلحہ اور اہم نوٹس برآمد

اپر کرم میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، مسلح افغان شہری گرفتار، اسلحہ اور اہم نوٹس برآمد

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے اپر کرم سیکٹر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی اور ایک مسلح افغان شہری کو گرفتار کر لیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دراندازی کرنے والی مسلح تشکیل کا ایک رکن گرفتار ہوا، جبکہ دیگر افراد سرحد عبور کرنے میں ناکام رہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت قاری وقاص عرف قدوس کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق افغانستان کے علاقے اسپین غر سے بتایا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی مسلح تشکیل کا حصہ تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش گرفتار شخص نے انکشاف کیا کہ وہ پاکستان میں خارجی کاظم گروپ میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے داخل ہوا تھا۔ اس بیان کی بنیاد پر سکیورٹی ادارے واقعے کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار شخص کی تلاشی کے دوران ایک سب مشین گن، چار میگزین اور 88 گولیاں برآمد کی گئیں۔ اس کے علاوہ ایک نوٹ بک بھی قبضے میں لی گئی، جس میں مختلف مقامات اور مبینہ طور پر بم بنانے کی تکنیک سے متعلق نوٹس درج تھے۔

حکام کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے اور دستاویزی مواد کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ گرفتار شخص کے ممکنہ روابط، منصوبہ بندی اور دیگر سرگرمیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افغان شہری قاری وقاص سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران اس کے مبینہ نیٹ ورک، دیگر افراد اور پاکستان میں داخلے کے مقاصد سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ یہ کارروائی اپر کرم سیکٹر میں سرحدی نگرانی اور دراندازی کی روک تھام کے حوالے سے کی گئی، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

 

More News