اپوزیشن کمیٹی سے اچھا معاہدہ تیار ہوا، سہیل آفریدی نے سبوتاژ کر دیا: محسن نقوی
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی نے خلوص نیت سے مذاکرات کیے اور بات چیت کے نتیجے میں ایک اچھا معاہدہ تیار ہوگیا تھا، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کردیا۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مذاکرات کے دوران تقریباً 99 فیصد معاملات پر اتفاق ہوچکا تھا، صرف ایک دو نکات پر اختلاف باقی تھا۔ ان کے مطابق تیار کیے گئے معاہدے کا ڈرافٹ صدر مملکت کو دکھایا گیا جبکہ وزیراعظم کو بھی تمام صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ صدر مملکت سے ملاقات کے بعد واپسی پر ڈرافٹ میں مزید تبدیلیاں سامنے آئیں۔ ان کے مطابق مذاکرات کے دوران معاہدے کا ڈرافٹ چار مرتبہ تیار ہوا اور ہر مرتبہ اس میں تبدیلی کی گئی۔
محسن نقوی نے الزام عائد کیا کہ حتمی مرحلے میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے معاہدے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا، جس کے باعث مذاکرات نتیجہ خیز نہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ اگر تمام فیصلے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہی کرنے تھے تو انہیں خود مذاکراتی عمل میں شریک ہونا چاہیے تھا۔ محسن نقوی کے مطابق حکومت نے مذاکرات کو کامیاب بنانے کیلئے سنجیدہ کوشش کی، تاہم آخری مرحلے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث معاہدہ طے نہ پاسکا۔








