اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، اہم فیصلے
اسلام آباد: اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، سابق اسپیکر اسد قیصر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، سلمان اکرم راجا اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
شرکا نے عمران خان کی صحت اور علاج سے متعلق شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن اس معاملے پر کل سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔
پارلیمانی پارٹی نے 27 ستمبر کو پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج اور لانگ مارچ کی کال برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دینے اور پنجاب سمیت ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام کی بھی بھرپور حمایت کی گئی، جبکہ مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی ممکنہ شمولیت کا خیرمقدم کیا گیا۔
اپوزیشن رہنماؤں نے آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔





