ایران امریکا مذاکرات: پاکستان کی میزبانی کی پیشکش، سفارتی سرگرمیاں تیز
ویب ڈیسک
پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے اہم سفارتی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دونوں ممالک آمادہ ہوں تو اسلام آباد ہر سطح پر مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت کیلئے پلیٹ فارم فراہم کرنا پاکستان کیلئے باعثِ اعزاز ہوگا، تاہم فی الحال کسی باضابطہ مذاکرات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اصولی طور پر ایسے کسی بھی سفارتی عمل کی میزبانی کیلئے تیار ہے اور اس مؤقف کو بین الاقوامی میڈیا کے سامنے بھی دہرایا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان اس وقت کسی قسم کا کوئی مذاکراتی عمل جاری نہیں۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ رابطوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان 15 نکات پر مشتمل ایک معاہدہ طے پا چکا ہے، جس کے بعد صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی میڈیا میں یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے اعلیٰ حکام کے درمیان اہم ملاقات متوقع ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان پسِ پردہ سفارتی کوششوں میں بھی متحرک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری کا کردار ادا کر رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی میں کمی کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔








