ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کیلئے پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا اعلان

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کیلئے پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے لیے پاکستان شاہینز کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ ٹورنامنٹ 19 سے 29 نومبر تک قطر میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان شاہینز کی قیادت عبدالصمد کریں گے۔

عبدالصمد کی قیادت میں اعلان کردہ اسکواڈ میں حسن نواز، معاذ صداقت، شامل حسین، حیدر علی، شاہزیب خان اور فرحان یوسف شامل ہیں۔ روحیل نذیر کو وکٹ کیپر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

اسپن بولنگ کے شعبے میں دانش عزیز، سعد مسعود اور سفیان مقیم کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ فاسٹ بولرز میں محمد حسنین، عمران رندھاوا، عاکف جاوید اور احمد دانیال شامل ہیں۔

اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہوگا اور اس مرتبہ یہ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان شاہینز کو گروپ بی میں بھارت اے، متحدہ عرب امارات اور نیپال کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

پاکستان شاہینز ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز 20 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے کرے گی۔ قومی ٹیم 22 نومبر کو روایتی حریف بھارت اے اور 24 نومبر کو نیپال کے مدمقابل ہوگی۔

شیڈول کے مطابق پاکستان شاہینز اپنے پہلے میچ کے علاوہ دیگر میچز ڈے اینڈ نائٹ کھیلے گی۔ ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں فارمیٹس کی دفاعی چیمپئن ہے۔ اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔

More News