ایشین گیمز: سافٹ ٹینس کے 14 رکنی دستے کا اعلان
لاہور: پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے ایشین گیمز کے لیے سافٹ ٹینس کے 14 رکنی قومی دستے کا اعلان کردیا، تاہم پاکستان میں اس کھیل کی مقبولیت اور باقاعدہ سرگرمیوں کے حوالے سے سوالات اٹھ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جاپان کے ایچی ناگو میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ہونے والے ایشین گیمز کے لیے قومی دستہ 14 ستمبر کو اسلام آباد سے جاپان روانہ ہوگا۔ سافٹ ٹینس پاکستان میں زیادہ معروف کھیل نہیں اور ملک میں اس کے باقاعدہ ایونٹس کے انعقاد کے حوالے سے بھی صورتحال واضح نہیں۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سربراہ اعصام الحق نے سافٹ ٹینس کے لیے اتنے بڑے دستے کی شمولیت پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں بھی معلوم نہیں تھا کہ پاکستان میں سافٹ ٹینس کا وجود ہے اور وہ اس حوالے سے معلومات حاصل کریں گے کہ یہ کھیل کون چلا رہا ہے اور ٹیم کو ایشین گیمز میں شرکت کی منظوری کس نے دی۔
اعصام الحق نے کہا کہ سافٹ ٹینس کے اتنے ایونٹس بھی نہیں ہیں جتنے کھلاڑی اس دستے میں شامل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی پالیسیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے معاملات میں شفافیت کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ 2023 میں ہانگژو میں ہونے والے ایشین گیمز میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی تھی۔ رواں سال بھی مختلف کھیلوں کے دستوں کی شمولیت کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔







