ایف بی آر گوداموں سے 25 کروڑ روپے مالیت کے سگریٹ غائب، مقدمہ درج

ایف بی آر گوداموں سے 25 کروڑ روپے مالیت کے سگریٹ غائب، مقدمہ درج

پشاور: ایف بی آر کے گوداموں سے 25 کروڑ روپے مالیت کے سگریٹ غائب ہونے کے اسکینڈل کا مقدمہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل نے درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں ایف بی آر کے 5 افسران و اہلکاروں سمیت نجی کمپنی کے 3 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق فروری 2024 میں صوابی سے سگریٹ کے 1262 کارٹن پکڑے گئے تھے، جنہیں ایف بی آر کے مردان ویئر ہاؤس منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں ان میں سے 1202 کارٹن مردان سے صوابی منتقل کیے گئے، تاہم صوابی گودام پہنچنے پر ٹرکوں سے 908 کارٹن سگریٹ غائب پائے گئے۔

مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تقریباً 3 ماہ بعد 907 کارٹن دوبارہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا، تاہم ایک سال بعد ہونے والی انسپکشن کے دوران 907 کارٹن سمیت مجموعی طور پر 2828 کارٹن غائب پائے گئے۔

ایف آئی آر میں انسپکٹر کامران، انسپکٹر نوید، ڈرائیور، سکیورٹی گارڈ اور نائب قاصد سمیت ایف بی آر کے 5 اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ نجی کمپنی کے 2 ڈائریکٹرز اور منیجر بھی مقدمے میں شامل ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق مقدمے میں سرکاری خزانے کو مبینہ طور پر 25 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے اور ملی بھگت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گوداموں میں جان بوجھ کر لاگ بکس تیار نہیں کی گئیں اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب نہیں کیے گئے۔

ایف آئی اے نے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

More News