باڑہ شیخان میں پولیس کی کارروائی، انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر سیف اللہ ہلاک

باڑہ شیخان میں پولیس کی کارروائی، انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر سیف اللہ ہلاک

خیبرپختونخوا پولیس نے باڑہ شیخان کے علاقے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب کمانڈر سیف اللہ کو ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری تھا اور گزشتہ تین سال سے گرفتاری سے بچنے کے لیے افغانستان میں مقیم تھا۔

ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے 12 نومبر 2026 کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ہلاک ہونے والا سیف اللہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ تھا اور پولیس سمیت محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ سی ٹی ڈی ریکارڈ کے مطابق وہ سکیورٹی اداروں اور پولیس تنصیبات پر حملوں میں ملوث رہا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق سیف اللہ میدانک کے علاقے میں متعدد سکیورٹی چیک پوسٹوں پر براہ راست حملوں میں ملوث تھا، جبکہ جمرود کے علاقے علی مسجد میں ہونے والے آئی ای ڈی دھماکوں میں بھی اس کا کردار سامنے آیا تھا۔ گرفتاری کے خوف سے وہ گزشتہ تین سال سے افغانستان میں موجود تھا، تاہم حال ہی میں دہشت گردوں کی ایک تشکیل کا کمانڈر مقرر ہو کر دہشت گردی کی غرض سے پاکستان واپس آیا تھا۔

پریس ریلیز کے مطابق باڑہ شیخان میں پولیس کارروائی کے دوران دہشت گرد کمانڈر نے پولیس اہلکاروں پر گرینیڈ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دو اہلکاروں کو معمولی خراشیں آئیں۔ زخمی اہلکاروں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سیف اللہ ہلاک ہو گیا۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر پولیس جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا۔ آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر کو ہلاک کرکے سینکڑوں معصوم جانوں کو محفوظ بنانے والے پولیس اہلکار قوم کا اثاثہ ہیں۔

ذوالفقار حمید نے عزم ظاہر کیا کہ خیبرپختونخوا اور ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے کارروائیوں اور آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔

پولیس حکام کے مطابق باڑہ شیخان میں ہونے والی یہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کا حصہ ہے، جبکہ مطلوب دہشت گردوں اور ان کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کا عزم برقرار ہے۔

More News