برطانوی ادارے بی آئی آئی کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان
برطانوی ادارے برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (BII) نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے لیے فنانسنگ بڑھانے کا اعلان کردیا ہے، جبکہ پاکستان کو آئندہ برسوں میں اہم سرمایہ کاری کی منزل قرار دیا گیا ہے۔
بی آئی آئی کے وفد نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں نجی شعبے کے لیے سرمایہ کاری اور فنانسنگ کے مواقع بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات، کاروباری ماحول اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
بی آئی آئی وفد نے پاکستان میں آئندہ برسوں کے دوران سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ملک کو خطے میں ایک اہم سرمایہ کاری کی منزل قرار دیا۔ وفد کے مطابق ادارہ ایشیا اور افریقہ میں آئندہ پانچ سال کے دوران 2 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گا۔
ملاقات میں پاکستان کے انفراسٹرکچر اور کلائمیٹ فنانس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات بھی زیر غور آئے۔ اس کے علاوہ قابلِ تجدید توانائی اور بجلی کی ترسیل سے متعلق منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) اور زرعی شعبے کے لیے فنانسنگ بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ نجی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی اور پرائیویٹ کریڈٹ کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سرمایہ کاری کے نئے ذرائع پیدا کرنے کے لیے کیپٹل مارکیٹ کے نئے آلات متعارف کرانے اور موجودہ رئیل اسٹیٹ اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔
حکام کے مطابق برطانوی ادارے کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ ملکی معیشت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے۔ انفراسٹرکچر، توانائی، زراعت اور نجی شعبے میں سرمایہ کاری سے کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے آئندہ دنوں میں مختلف شعبوں میں مزید پیش رفت کا امکان ہے۔








