تم جب آؤ گی تو کھویا ہوا پاؤ گی مجھے، باغی اور فلسفی شاعر جون ایلیا کو بچھڑے 24 سال بیت گئے

باغی اور فلسفی شاعر جون ایلیا کی 24ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

کراچی: اردو ادب کے منفرد، بے باک اور فلسفیانہ اندازِ فکر کے حامل معروف شاعر جون ایلیا کو مداحوں سے بچھڑے 24 برس بیت گئے، ان کی 24ویں برسی آج 8 نومبر کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

جون ایلیا اردو شاعری کی ان منفرد شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنے مخصوص اندازِ بیان، باغیانہ خیالات، تلخ حقیقتوں اور گہری خود کلامی کے ذریعے ادب میں ایک الگ پہچان بنائی۔ ان کی شاعری میں محبت، تنہائی، اداسی، محرومی، بغاوت اور انسانی نفسیات کے ایسے رنگ نمایاں ہیں جو آج بھی قارئین کے دلوں کو چھوتے ہیں۔

14 دسمبر 1931ء کو بھارت کے شہر امروہہ میں پیدا ہونے والے جون ایلیا کا اصل نام سید جون اصغر تھا۔ انہیں بچپن ہی سے علم و ادب سے گہری دلچسپی تھی۔ انہوں نے فلسفہ، تاریخ، منطق، عربی، فارسی اور دیگر علوم کا مطالعہ کیا، جس نے ان کی فکری شخصیت کو ایک منفرد جہت عطا کی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری محض جذبات کا اظہار نہیں بلکہ زندگی، معاشرے اور انسانی وجود کے بارے میں گہرے سوالات بھی اٹھاتی ہے۔

قیام پاکستان کے بعد جون ایلیا 1957ء میں کراچی منتقل ہوئے، جہاں انہوں نے ادبی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ انہوں نے معروف ادبی جریدے ’’انشاء‘‘ کی ادارت بھی کی اور عالمی ادب کے کئی اہم شاہکاروں کے تراجم کے ذریعے اردو زبان و ادب کے ذخیرے میں قابل قدر اضافہ کیا۔

جون ایلیا کا پہلا شعری مجموعہ ’’شاید‘‘ 1991ء میں اس وقت منظر عام پر آیا جب ان کی عمر تقریباً 60 برس تھی۔ اس مجموعے کی اشاعت نے ادبی حلقوں میں غیر معمولی پذیرائی حاصل کی۔ بعد ازاں ان کے دیگر شعری مجموعوں میں ’’یعنی‘‘، ’’گمان‘‘، ’’لیکن‘‘ اور ’’گویا‘‘ بھی شامل ہیں، جنہوں نے انہیں اردو کے مقبول ترین جدید شعرا میں نمایاں مقام دلایا۔

ان کی شاعری کی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ وہ روایتی انداز سے ہٹ کر اپنے دکھ، سوالات، اختلافات اور داخلی کشمکش کو بے باک انداز میں بیان کرتے تھے۔ ان کے اشعار میں موجود سادگی، گہرائی اور تلخی نوجوان نسل کو خاص طور پر اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔

8 نومبر 2002ء کو کراچی میں انتقال کرنے والے جون ایلیا جسمانی طور پر دنیا سے رخصت ہوگئے، تاہم ان کا ادبی ورثہ آج بھی زندہ ہے۔ سوشل میڈیا کے دور میں ان کی شاعری پہلے سے زیادہ مقبول ہو رہی ہے اور ان کے اشعار محبت، جدائی اور زندگی کے مختلف احساسات کی ترجمانی کرتے نظر آتے ہیں۔

جون ایلیا کا شمار ان شعرا میں ہوتا ہے جنہیں وقت کے ساتھ بھلایا نہیں جا سکتا، کیونکہ ان کا کلام آج بھی نئی نسل کے احساسات اور جذبات کی آواز بنا ہوا ہے

More News